نئی دہلی ،22؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی اور مہاراشٹرا سمیت ملک کی8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا انفیکشن کے کیسوں میں اضافے نے حکومتوں کی نیندیں اڑادی ہیں - مہاراشٹرا، کیرلا اور پنجاب میں کوروناکے معاملے بڑھتے جارہے ہیں - گزشتہ 3 دن میں ایک لاکھ سے زیادہ کورونا سے متاثرہ مریض پائے گئے،بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر ریاستی حکومتوں نے سخت اقدامات کئے ہیں -
مدھیہ پردیش کے 3شہروں، اندور، بھوپال اور جبل پور میں 3 گھنٹے کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے-توراجستھا ن کے 8شہروں (جے پور،اجمیر،جودھ پوراور کوٹہ وغیرہ) میں رات کے 11بجے سے صبح 5بجے تک کرفیوکا اعلان کردیاگیاہے- اسی کے ساتھ مہاراشٹرا حکومت نے ناگپور میں لاک ڈاؤن میں 31 مارچ تک توسیع کردی ہے، جبکہ گجرات اور پنجاب کے کئی شہروں میں نائٹ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے- اس دوران متعدد ریاستوں نے اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں -
واضح رہے کہ کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر گجرات حکومت نے احمد آباد، بڑودرہ، سورت اور راج کوٹ میں 31 مارچ تک نائٹ کرفیو نافذ کردیا ہے- سورت میں کورونا کیسوں میں اضافے کے پیش نظر نائٹ کرفیو کا وقت بڑھا کر رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک کردیا گیا ہے-